• Dec 5 2023 - 17:16
  • 59
  • مطالعہ کی مدت : 3 minute(s)

وکلاء کانفرنس | "فلسطین میں نسل کشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے طریقوں کا جائزہ" | خانہ فرہنگ جمهوری اسلامی ایران کراچی

خانہ فرہنگ ایران کراچی میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں ’وکلاء کانفرنس‘ کا انعقاد

خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران کراچی میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں "فلسطین میں نسل کشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے طریقوں کا جائزہ" کے عنوان سے وکلاء کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا اور وکلاء رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں سپریم کورٹ، ہائیکورٹ، سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ کے سینئر وکلاء سمیت سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، کراچی بار ایسوسی ایشن اور ملیر بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کے نو منتخب جنرل سکریٹری محمد سرفراز میتلو، سندھ بار کونسل کے سینئر ممبر غلام رسول سوھو،  جوائنٹ سکریٹری غلام اصغر پٹھان، کراچی بار ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل وقار عالم عباسی، جوائنٹ سکریٹری محمد ندیم منگی اور دیگر ممتاز قانون دانوں نے کانفرنس کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

خانہ فرہنگ ایران کراچی کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے اپنے خطاب میں کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام وکلاء کا خیر مقدم اور شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی تحریک کے مجاہدین کی بے مثال قربانیوں کو سراہا اور اپنی گفتگو کے تسلسل میں غاصب اسرائیل کے انسانیت سوز جرائم کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ صہیونیوں کے ظلم اور بربریت کو میڈیا اور سوشیل نیٹ ورکس کے ذریعے بے نقاب کریں، تاکہ اس کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو اور اسے بین الاقوامی برادری کی طرف سے شدید ذلت کا سامنا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیلی دہشتگرد افواج کی بمباری میں فلسطینیوں نے کئی قیمتی جانیں گنوائیں، لیکن اپنی بے مثال مزاحمت اور قربانیوں سے انہوں نے فلسطین کی آزادی کی تحریک میں نئی ​​روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بہیمانہ جنگ میں فلسطینیوں نے اگرچہ بہت زیادہ جانی و مالی نقصان کا سامنا کیا، لیکن اپنی مزاحمت اور ثابت قدمی سے تحریک آزادی فلسطین کو کامیابی کے قریب تر پہنچا دیا۔

کانفرنس میں موجود وکلاء نے فلسطین کی حمایت میں کانفرنس کے انعقاد پر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی کا شکریہ ادا کیا اور فلسطین کے مظلوم اور بے گناہ عوام کے خلاف ناجائز اسرائیلی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے فلسطینی مجاہدین کی مزاحمتی تحریک کو سراہتے ہوئے ان کی بیش بہا قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اسرائیل کو عالمی دہشتگردی کی سرغنہ ریاست قرار دیا۔ کانفرنس میں شریک وکلاء نے اپنی تقاریر میں اسرائیل کو انصاف کے کٹھیرے میں لانے کیلئے قومی اور بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ نسل کشی کرنے والی اسرائیلی حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں کاروائی کے عمل کو جلد سے جلد ممکن بنایا جا سکے۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری محمد سرفراز متیلو نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن جلد ہی کراچی کے وکلاء تنظیموں اور قانون دانوں کے تعاون اور مشارکت سے ایک بڑی مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کرے گا، جس میں اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی عدامت میں قانونی عمل داری کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان سپریم کورٹ کے وکیل خالد نواز مروت نے کہا کہ فلسطین میں نسل کشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا کم سے کم نتیجہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے تسلط پسندانہ عزائم میں کمی اور بعض مسلم ممالک کی طرف سے اس کو تسلیم کرنے کے عمل میں تاخیرکی شکل میں دیکھا جا سکے گا۔

کراچی پاکستان

کراچی پاکستان

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: